بھٹکل، 12؍ مارچ (ایس او نیوز؍عبدالرحیم خان ندوی) امسال معہد الامام حسن البنا بھٹکل کے زیراہتمام جامعۃ الطیبات سے 21 طالبات نے حفظ قران مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی، جن کے اعزاز میں 10 مارچ بروز جمعرات کو ایک جلسہ منعقد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کیں۔
دوپہر 2:30 ڈھائی بجےجلسہ کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت پاک سے ہوا،اس کے بعد طالبات نے تقریریں اور نظمیں پیش کیں، اس موقع پر محترمہ نسیمہ نے قرآن کی فضیلت پر بیان دیا۔ حفظ قران مکمل کرنے والی طالبات نے اپنے اپنے تاثرات پیش کیے۔بعد نماز عصر مہمان خصوصی محترمہ ناجحہ ندرت صاحبہ نے اپنے مخصوص انداز میں سامعات کے سامنے اپنی بات پیش کی۔ اس کے بعد مولانا نعمت اللہ عسکری ندوی (امام وخطیب جامع مسجد مخدومیہ) کا ولولہ انگیز خطا ب ہوا، اخیر میں شہر کے معروف اور بزرگ عالم دین مولانا محمد صادق اکرمی ندوی نے تمام 21 حافظات کی تکمیل قرآن کرائی اور پر سوز دعا کی۔
|
اسماء حافظات 1. حمنہ بنتِ عبدالسمیع ارمار |
معہد الامام حسن البنا بھٹکل کے روح رواں مولانا محمد ناصر اکرمی ندوی نے بتایا کہ قرآنِ پاک کی خدمت کرنا ہر ایک مسلمان کے لیے بڑی سعادت کی بات ہے، اس کے لیے معہد امام حسن البنا نے روز اول سے نسل نو کا انتخاب کیا اور خصوصًا کالج کی طالبات کو قرآنی تعلیمات سے روشناس کرانے کا بیڑا اٹھایا اس کے لیے ہفتہ واری درس قرآن اورحفظ قرآن کا سلسلہ بھی جاری ہے،الحمد للہ ہر سال داخلہ لینے والی طالبات کی تعداد روز افزوں بڑھ رہی ہے، مزید اِس شوق و جذبے کو آگے بڑھانے اور جلا بخشنے اور قرآن کی افادیت کو عام کرنے کے لیے ہر سال سالانہ ثقافتی جلسہ منعقد کیا جاتا ہے جہاں خواتین کثیر تعداد میں جمع ہوتی ہیں اورہر سال کئی طالبات حفظ قرآن کی سعادت حاصل کرتی ہیں، اس سال کی جملہ طالبات جو معہد سے حافظ قرآن ہوئیں اُن کی تعداد اکیس21 ہے۔
اختتام جلسہ سے پہلے حافظات کے درمیان انعامات تقسیم کیے گئے،اور معہد کی تمام معلمات کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔ تواضع کے ساتھ اذان مغرب سے پہلے جلسہ اپنے اختتام کو پہونچا۔